لکھنؤ،24؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) اترپردیش کی اہم ندیوں کی آبی سطح بڑھ جانے سے 16 اضلاع کے 1090 گاؤں سیلاب سے متاثر ہیں فی الحال تمام پشتے محفوظ ہیں اور کہیں بھی کسی طرح کی تشویشناک صورتحال نہیں ہے۔ ریاست کے راحت کمشنر سنجے گوئل نے آج نامہ نگاروں کو بتایا کہ وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے ضلع مجسٹریٹوں کو ہدایت دی ہے کہ متاثرہ گاوں میں راحت پہنچانے کے لئے گئیں کشتیاں کسی طرح خراب نہ ہوں اور سفر کے لئے محفوظ ہوں، ساتھ ہی یہ بھی یقینی بنایا جائے کہ کشتی چلاتے وقت اس میں گنجائش سے زیادہ لوگ اور سامان لادا نہ جا رہا ہو۔ کشتیاں تجربہ کار ملاح چلائیں اس کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سی ایم یوگی نے ضلع مجسٹریٹوں کو ہدایت دی ہے کہ گندے پانی و ویکٹر(مکھی۔ مچھر) سے ہونے والی بیماریوں کی روک تھام کے لئے ضروری اقدامات کیے جائیں اور ان بیماریوں کے علاج کے لئے تمام دواوں کا مناسب اسٹاک بھی یقینی بنایا جائے۔ راحت کمیپ میں مقیم بزرگوں، خواتین اور بچوں کی خصوصی ضرورتوں کا خیال رکھتے ہوئے ضروری سہولیات اور اشیا دستیاب کرائی جائیں اور سینی ٹیشن و ہائی جن کا خاص طورپر خیال رکھا جائے۔
سنجے گوئل نے بتایا کہ ریاست میں اس وقت تمام پشتے محفوظ ہیں۔ سیلاب کے سلسلہ میں مسلسل نگرانی رکھی جارہی ہے۔ کہیں بھی کسی طرح تشویشناک صورتحال نہیں ہے۔ ریاست میں سیلاب سے متاثرہ 16 اضلاع میں راحت اور بچاؤ کے کام کے لئے این ڈی آر ایف کی پندرہ ٹیمیں اور ایس ڈی آر ایف اور پی اے سی کی سات ٹیموں سمیت 22 تعینات کی گئی ہیں۔